ایل ڈی اے کا کریک ڈاؤن، غیر قانونی تعمیرات مسمار

11-03-2026

:(لاہور نیوز) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد تعمیرات مسمار اور املاک سربمہر کر دیں۔

ایل ڈی اے کے مطابق ایل ڈی اے ایونیو ون میں پلاٹ نمبر 147-جے جبکہ جوبلی ٹاؤن میں پلاٹ نمبر 848-ایف پر قائم غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں۔ اس کے علاوہ رائیونڈ روڈ کنٹرول ایریا میں تین دکانوں کی سائٹس پر ہونے والی غیر قانونی تعمیرات بھی گرا دی گئیں۔ حکام نے ایل ڈی اے ایونیو ون میں غیر قانونی کمرشل استعمال پر کارروائی کرتے ہوئے پلاٹ نمبر 9-بی، 29-بی، 255-جے اور 51-ایم کو سربمہر کر دیا۔ ایل ڈی اے کے مطابق یہ آپریشن ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ زون فائیو علی نصرت کی نگرانی میں کیا گیا، جس میں ٹاؤن پلاننگ زون 5، انفورسمنٹ ونگ اور پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ کارروائی کا مقصد غیر قانونی تعمیرات اور غیر مجاز کمرشل سرگرمیوں کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔