اپنی چھت، اپنا گھرسکیم: 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد قرضے فراہم ، ایک لاکھ 28 ہزارگھر مکمل
11-03-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سکیم کے تحت مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر سکیم کے تحت اب تک 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار 718 گھر مکمل ہو چکے ہیں۔ ایک لاکھ 71 ہزار 597 افراد کو قرضے کی دوسری قسط بھی فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ 62 ہزار 600 گھروں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سکیم کے تحت قرضوں کی واپسی کی شرح 97.6 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور اب تک 22 ارب 29 کروڑ روپے قرضوں کی اقساط کی مد میں وصول کیے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنی چھت، اپنا گھر سکیم کے لیے نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ اجلاس میں اپنی چھت، محفوظ چھت سکیم کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ اس سکیم کے تحت درخواستیں وصول کرنے کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جبکہ 3 ہزار 55 درخواست دہندگان کو ایک ارب 21 کروڑ 60 لاکھ روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اپنی چھت، محفوظ چھت سکیم کے تحت 532 گھروں کی تعمیر اور توسیع کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔