مانگا منڈی پولیس کی بڑی کارروائی، 24 گھنٹوں میں 26 اشتہاری ملزمان گرفتار

11-03-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر مانگا منڈی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے دوران 26 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو دورانِ پٹرولنگ، ناکہ بندی اور مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والے اشتہاری ملزمان اے اور بی کیٹیگری کے تھے، جو مختلف مقدمات میں لاہور پولیس کو مطلوب تھے۔ گرفتار ملزمان ڈکیتی، چوری، دفعہ 489-F اور فراڈ سمیت دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متعدد ملزمان طویل عرصے سے لاہور پولیس کو مطلوب تھے، جنہیں گرفتار کرکے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبداللطیف، سعید، قیصر حمید، جاوید، اصغر، ناصر حسین، جنید، مجاہد، عمر فاروق، محمد علی، محمد مسیح، تصور، محمد آصف، رانا خالد رضوان، آفتاب، یونس اور طاہر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ نے ایس ایچ او مانگا منڈی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔ ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ کا کہنا تھا کہ شہر میں سیکیورٹی کے حوالے سے کڑی نگرانی جاری ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔