صفائی کی صورتحال 100 فیصد بہتر بنانے کیلئے 15 روز کا ہدف مقرر

11-02-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں صفائی کی صورتحال 100 فیصد بہتر بنانے کیلئے 15 روز کا ہدف مقرر کر دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں صفائی کی صورتحال، مشینری، افرادی قوت اور آپریشنل امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کی سڑکوں پر گردوغبار کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی شاہراہوں کی روزانہ دھلائی یقینی بنانے کا حکم دیا، انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی کے بعد سڑکوں پر کوڑا پھینکنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کئے جائیں۔ انہوں نے مارکیٹوں، بازاروں، سبزی منڈیوں، فروٹ منڈیوں اور غلہ منڈیوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں پر جرمانے عائد کرنے کیلئے بھی اقدامات کی ہدایت کی، جبکہ خالی پلاٹوں میں کوڑا نظر آنے پر مالکان کو جرمانہ کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، وزیراعلیٰ نے دیہی علاقوں میں ہر متبادل دن صفائی یقینی بنانے اور ہر ضلع میں مطلوبہ انسانی وسائل اور مشینری کی دستیابی مکمل کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ مانیٹرنگ افسران سے ہفتہ وار ملاقات کرنے اور ان کی کارکردگی جانچنے کیلئے کلیدی کارکردگی اشاریے (کے پی آئیز) مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی۔  وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر شہر اور علاقے میں صفائی ورکرز کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز سے صفائی کیلئے درکار مشینری کی تفصیلات بھی طلب کر لیں، انہوں نے سیلف آپریشن کے ذریعے ہونے والی بچت کا مکمل ریکارڈ پیش کرنے اور متعلقہ اضلاع میں مشینری و آلات کی فزیکل تصدیق کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، حافظ آباد، مظفرگڑھ اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے صفائی کی صورتحال سے متعلق رپورٹس پیش کیں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک ہفتے بعد فالو اپ اجلاس بھی طلب کر لیا۔