غیر قانونی شکار کے خلاف کریک ڈاؤن، جرمانے عائد

11-02-2026

(لاہور نیوز) سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر قیادت پنجاب میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار کے خلاف وائلڈ لائف رینجرز کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

وائلڈ لائف حکام کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، نارووال، مظفرگڑھ اور ڈیرہ غازی خان میں فالکن، مرغابی، جل مرغی اور جنگلی سور کے غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، کارروائیوں کے دوران 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 11 ملزمان کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 95 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے، چار ملزمان کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے، کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 5 زندہ کبوتر، 2 بٹیر اور 4 دوگزے برآمد کیے گئے۔ حکام کے مطابق تونسہ بیراج کے دریائی علاقے میں فالکن کے غیر قانونی شکار میں ملوث 5 شکاریوں کو گرفتار کرکے زندہ پرندے اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا، جبکہ تونسہ بیراج کے قریب مرغابی کے غیر قانونی شکار میں ملوث شکار پارٹی کی دو بندوقیں بھی موقع پر ضبط کر لی گئیں، اسی طرح ڈیرہ غازی خان میں دریائی بیلہ وہوا کے قریب فالکن کے غیر قانونی شکار میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ لاہور اور سیالکوٹ میں کتوں کے ذریعے جنگلی سور کے غیر قانونی شکار میں ملوث 10 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، سیالکوٹ میں اس جرم میں ملوث 5 ملزمان کو 65 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ نارووال میں جل مرغی کے غیر قانونی شکار پر ایک ملزم کو 30 ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا گیا۔ وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کئے جائیں گے۔