بیوہ پر تشدد اور سر کے بال کاٹنے پر نند اور بہنوئی گرفتار
11-02-2026
(لاہور نیوز) بیوہ خاتون پر تشدد کرنے اور سر کے بال کاٹنے پر لوئر مال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نند اور بہنوئی کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس ایمرجنسی 15 پر کال کرکے مدد طلب کی، جس پر لوئر مال پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تشدد میں ملوث مرکزی ملزمہ نگینہ اور اس کے خاوند خرم کو حراست میں لے لیا۔ متاثرہ خاتون کے مؤقف کے مطابق شوہر کی وفات کے محض 40 روز بعد ہی سسرالیوں نے اسے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی نند اور بہنوئی نے مبینہ طور پر سر کے بال کاٹ دیئے، خاتون نے الزام عائد کیا کہ اسے دورانِ عدت تین بچوں سمیت گھر سے نکالنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ لوئر مال میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے پر قانونی کارروائی جاری ہے، ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا ہے کہ خواتین کی عزت اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، خواتین پر تشدد اور بدسلوکی کی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خواتین کو تحفظ اور انصاف کی فراہمی کیلئے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔