حق سچ کی آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم و تشدد بند ہونا چاہیے: مریم نواز
11-02-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حق سچ کی آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم و تشدد بند ہونا چاہیے۔
صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان، سچائی کے علمبردار ہیں، حق اور سچ کی راہ پر چلنے والے صحافیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حق سچ کی آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم و تشدد بند ہونا چاہیے، صحافیوں کو بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دینے کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، صحافیوں کا تحفظ، آزادی صحافت اور آزادی اظہار جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، صحافیوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے پیشہ ورانہ وقار کا احترام یقینی بنایا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ احساس ذمہ داری کے ساتھ آزادی صحافت جمہوریت کی اساس ہے، آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے، مضبوط جمہوری معاشرے کیلئے صحافت کا آزاد ہونا بہت ضروری ہے۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو دھمکیاں دینے، تشدد کا نشانہ بنانے اور ہراساں کرنے کے واقعات ناقابل قبول ہیں، صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے، صحافی معاشرتی انصاف کے محافظ اور عوام کی آواز ہیں، ظلم، ناانصافی اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے والے صحافی ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ آزادی صحافت کے تحفظ کی ضامن ہوں، بے گھر صحافیوں کے لئے اپنی چھت کا خواب پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں، سچائی کی آواز دبانے کی ہر کوشش معاشرے کے بنیادی حقوق پر حملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صحافی اور صحافت محفوظ ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہاں قتل و تشدد کے واقعات ہوئے نہ ہی ہوں گے، حکومت پنجاب آزادی صحافت اور صحافیوں کے تحفظ کے اصولوں کی حمایت کرتی ہے۔