وزیراعلیٰ مریم نواز کا گلگت بلتستان کے یومِ آزادی پر عوام کو مبارکباد کا پیغام
11-01-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام کو ڈوگرہ راج سے آزادی اور پاکستان سے الحاق کی 79ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یکم نومبر 1947 گلگت بلتستان کی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار دن ہے،گلگت بلتستان کے عوام نے آزادی کے حصول کے لیے قابلِ تحسین قربانیاں پیش کیں، یکم نومبر ان کی بہادری، عزم، حوصلے اور جدوجہدِ آزادی کی روشن علامت ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام کی قربانیوں اور جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہوں، گلگت بلتستان پاکستان کا قیمتی حصہ اور قومی یکجہتی کی خوبصورت علامت ہے، یہاں کے بہادر عوام ملک و قوم کا فخر ہیں اور گلگت بلتستان پاکستان کی خوبصورت اور شاندار تصویر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، خطے کی بے مثال روایات اور شاندار ثقافت سیاحوں کے لیے خصوصی کشش رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم نومبر ہمارے مشترکہ قومی عزم، بہادری اور جرأت کا مظہر ہے، آج ہم ان تمام مجاہدین، غازیوں اور شہداء کو بھی خصوصی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی قربانیوں سے جدوجہدِ آزادی میں تاریخ رقم کی۔ مریم نواز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔