قطر کا پاکستانیوں کیلئے 30 دن کے مفت سیاحتی ویزے کا اعلان
10-31-2026
(ویب ڈیسک) بیرون ملک سیاحت کے خواہش مند پاکستانی شہریوں کیلئے قطر ایک ایسی سہولت فراہم کر رہا ہے جس کے تحت وہ پیشگی ویزا حاصل کیے بغیر ملک پہنچنے پر مفت سیاحتی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
قطر کی وزارتِ داخلہ کے مطابق پاکستانی شہریوں کو زیادہ سے زیادہ 30 روز کیلئے یہ سہولت دی جاتی ہے، تاہم اس کے حصول کیلئے بعض شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔ وزارتِ داخلہ کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری معلومات کے مطابق پاکستانی شہریوں کی آمد پر مفت سیاحتی ویزا جاری کیا جاتا ہے، جس کی مدت زیادہ سے زیادہ 30 دن ہوتی ہے، تاہم ویزے کی مدت ہوٹل کی بکنگ کے مطابق بھی مقرر کی جا سکتی ہے۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ کی میعاد کم از کم تین ماہ باقی ہونا ضروری ہے، اس کے علاوہ مسافروں کے پاس واپسی کا کنفرم ٹکٹ بھی ہونا چاہئے۔ قطر کی جانب سے ہوٹل کی بکنگ کے حوالے سے بھی ایک مخصوص شرط عائد کی گئی ہے اور وہ یہ کہ مسافروں کو اپنی ہوٹل ریزرویشن صرف سرکاری سیاحتی ویب سائٹ ڈسکور قطر کے ذریعے کرانا ہو گی، دیگر ویب سائٹس یا آن لائن بکنگ پلیٹ فارمز سے حاصل کی گئی ہوٹل ریزرویشن اس سہولت کیلئے قابل قبول نہیں ہو گی۔ اس کے علاوہ قطر آنے والے پاکستانی شہریوں کیلئے کسی منظور شدہ انشورنس کمپنی سے ہیلتھ انشورنس حاصل کرنا بھی لازمی ہے، یہ انشورنس قطر کی وزارتِ صحت کی جانب سے تسلیم شدہ کمپنیوں میں سے کسی ایک سے ہونی چاہئے۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق مفت آن ارائیول ویزا حاصل کرنے کیلئے مذکورہ چاروں شرائط پوری کرنا ضروری ہے، اگر کوئی مسافر مطلوبہ شرائط اور دستاویزات فراہم نہ کر سکے تو اسے اس سہولت کے تحت ویزا ملنے کی ضمانت نہیں ہو گی۔ یہ سہولت قطر کے دیگر ویزا فری داخلے اور سیاحتی ویزا پروگراموں سے الگ ہے، اس لئے مسافروں کو سفر سے پہلے متعلقہ شرائط اور ضروری دستاویزات کی تکمیل یقینی بنانا ہو گی۔ ہوٹل بکنگ اور مزید معلومات کیلئے قطر کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔