سندھ طاس معاہدہ آبی حق، کوئی ملک یکطرفہ انحراف نہیں کر سکتا: ملک احمد خان

10-31-2026

(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پانی پاکستان کی قومی سلامتی اور بقا کا اہم مسئلہ ہے۔

سندھ طاس معاہدے اور قومی سلامتی کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کے مسئلے پر سندھ طاس معاہدہ طے پایا تھا، پاکستان کے آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا معاملہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ہے اور اسے قومی سلامتی کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے، نئی نسل کیلئے پانی کے ذخائر کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، آبی وسائل کے تحفظ کیلئے مؤثر قومی حکمت عملی اپنانا ہو گی۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں نہروں کی تعمیر کے معاملے پر بھی بحث اور اختلافات سامنے آئے، سندھ کی جانب سے ان نہروں کی تعمیر پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اور احتجاج بھی دیکھنے میں آیا، بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کی جانب سے پانی کے راستے کی تبدیلی سے متعلق معاملہ بھی سامنے آیا ہے، پانی کے مسئلے کو معمولی نہیں سمجھنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگوں کے نتیجے میں اڑتی راکھ اور تباہی کا خوف لاحق رہتا ہے، تاہم پاکستان پر کسی کا تسلط قبول نہیں کیا جائے گا اور اس کے خلاف مزاحمت کی جائے گی، پاکستان کے آبی حقوق کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے قومی سطح پر یکجہتی اور مؤثر حکمت عملی ناگزیر ہے۔