اداکار معمر رانا کی اہلیہ نے خلع لے لیا، لاہور کی فیملی کورٹ نے ڈگری جاری کر دی
10-31-2026
(محمد اشفاق) معروف اداکار معمر رانا کی اہلیہ مہناز معمر رانا نے لاہور کی فیملی کورٹ سے خلع حاصل کر لیا، فیملی کورٹ کے جج زاہد بشیر نے مہناز معمر رانا کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کر دی۔
درخواست گزار کی جانب سے وکیل خدیجہ صدیقی نے دلائل پیش کئے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ معمر رانا شراب نوشی کے بعد تشدد کرتے اور گالم گلوچ کرتے تھے، انہوں نے متعدد مرتبہ بیٹیوں کے سامنے بھی شراب کے نشے میں گالیاں دیں، جس سے بیٹیوں کو مبینہ طور پر ذہنی اذیت اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔ درخواست گزار کے مطابق ان کی معمر رانا سے 24 اکتوبر 1998 کو شادی ہوئی تھی اور اس ازدواجی رشتے سے دو بیٹیاں ہیں، شادی کو تقریباً 28 سال گزر چکے ہیں، تاہم معمر رانا نے گھر کے اخراجات بھی برداشت نہیں کئے۔ درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا کہ اہل خانہ نے معمر رانا کے رویے میں بہتری لانے کیلئے متعدد مرتبہ کوششیں کیں، لیکن انہوں نے علاج کروانے سے انکار کر دیا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ وہ اب معمر رانا کے ساتھ مزید زندگی نہیں گزار سکتیں، لہٰذا عدالت خلع کی ڈگری جاری کرے۔ عدالت نے درخواست گزار کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے خلع کی ڈگری جاری کر دی۔