پنجاب کے ہسپتالوں میں سیف سٹی پینک بٹنز کی تنصیب شروع

10-31-2026

(لاہور نیوز) سیف سٹیز اتھارٹی نے طبی ایمرجنسی میں شہریوں کو فوری مدد فراہم کرنے کے لیے لاہور سمیت پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کیو آر پینک بٹنز کی تنصیب شروع کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ہسپتالوں میں پینک بٹنز مرحلہ وار نصب کیے جا رہے ہیں، جنہیں اسکین کرکے شہری براہِ راست سیف سٹی اتھارٹی سے رابطہ کر سکیں گے۔ پینک بٹن اسکین کرنے پر متعلقہ ہسپتال کی تفصیلات شہری کے موبائل فون پر ظاہر ہوں گی۔ شہری اپنا موبائل نمبر درج کرکے ہیلپ لائن 15 پر کال، لائیو چیٹ یا ویڈیو کال کے ذریعے بلڈ بینک سے رابطہ کر سکیں گے۔ سیف سٹی ٹیم پینک بٹن کے ذریعے موصول ہونے والی درخواست پر ضرورت مند مریضوں کو مطلوبہ بلڈ گروپ کے ڈونرز سے منسلک کرے گی تاکہ ہنگامی صورتحال میں خون کی فراہمی کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔ شہری صرف خون کی ضرورت ہی نہیں بلکہ دیگر ہنگامی صورتحال میں بھی کیو آر پینک بٹن اسکین کرکے سیف سٹی اتھارٹی سے فوری مدد طلب کر سکیں گے۔