استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر 5 سالہ حد ختم

10-31-2026

(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر عائد 5 سالہ عمر کی پابندی ختم کردی ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

وزارتِ تجارت نے اس حوالے سے 30 اکتوبر کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو باضابطہ آفس میمورنڈم جاری کرتے ہوئے پالیسی کی وضاحت کردی ہے۔ اس سے قبل ایف بی آر نے 23 اکتوبر کو وزارتِ تجارت سے استفسار کیا تھا کہ آیا 30 جون 2026 کے بعد بھی کمرشل بنیادوں پر درآمد کی جانے والی استعمال شدہ گاڑیوں پر پانچ سال کی عمر کی پابندی برقرار رہے گی یا نہیں۔ وزارتِ تجارت کے مطابق پی سی ٹی ہیڈنگز 8702، 8703، 8704 اور 8711 کے تحت استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت پہلے صرف ایسی گاڑیوں کے لیے تھی جو پانچ سال سے زیادہ پرانی نہ ہوں۔ اس کے علاوہ درآمدی گاڑیوں کے لیے وزارتِ صنعت و پیداوار اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) کے مقرر کردہ ماحولیاتی اور حفاظتی معیارات پر پورا اترنا بھی لازمی تھا۔ وزارتِ تجارت نے واضح کیا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور وفاقی کابینہ کے منظور کردہ فیصلے کے تحت یکم جولائی 2026 سے گاڑیوں کی عمر کی پانچ سالہ حد ختم کردی گئی ہے۔ تاہم، عمر کی پابندی ختم ہونے کے باوجود درآمد کنندگان کو دیگر قابلِ اطلاق امپورٹ پالیسی شرائط اور مقررہ معیار کی پابندی کرنا ہوگی۔ واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ سال مرحلہ وار منصوبے کے تحت استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت دی تھی، جس کے ساتھ اضافی 40 فیصد ڈیوٹی بھی عائد کی گئی تھی۔ اس ڈیوٹی میں 2029-30 تک ہر سال 10 فیصد پوائنٹس کی کمی کی جائے گی۔