ہائیکورٹ:حکومت کی سرکاری ہسپتالوں میں چار ہفتوں میں پرچی سسٹم ختم کرانے کی یقین دہانی

10-31-2026

(لاہور نیوز) پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو پرچی بنوانے کے لیے لمبی قطاروں سے نجات دلانے کا فیصلہ، لاہور ہائیکورٹ میں حکومت نے چار ہفتوں میں پرچی سسٹم ختم کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت ایمرجنسی اور او پی ڈی میں مریضوں کو پرچی کے بغیر فوری طبی توجہ فراہم کی جا سکے گی۔ اس اقدام سے مریضوں کو کاؤنٹرز پر طویل انتظار سے بھی نجات ملے گی۔ لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل بیرسٹر راجہ ہاشم جاوید پیش ہوئے، جبکہ سپیشل سیکرٹری ہیلتھ نبیلہ عرفان نے حکومت پنجاب کی جانب سے یقین دہانی کروائی کہ صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں پرچی سسٹم ختم کیا جائے گا۔ جسٹس ملک جاوید اقبال وینس نے تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں میں فیصلے پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے تنبیہ کی ہے کہ مقررہ مدت میں رپورٹ پیش نہ کرنے اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ذمہ دار افسران کے خلاف قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ 2020 سے زیر سماعت درخواست میں اب تک کسی فریق کی جانب سے تعمیلی رپورٹ جمع نہیں کروائی گئی۔ سرکاری ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی کمی سے متعلق درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے تمام متعلقہ محکموں سے جامع رپورٹس بھی طلب کر لیں۔ سماعت کے دوران سیکرٹری ہیلتھ کے بجائے سپیشل سیکرٹری ہیلتھ عدالت میں پیش ہوئیں اور رپورٹ جمع کروانے کے لیے مزید مہلت طلب کی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت چھ ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔