ملک بھر میں ایڈز سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ
10-31-2026
(ویب ڈیسک)پنجاب سمیت ملک بھر میں بچوں میں ایڈز کیسز کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔
وزارت قومی صحت نے ایڈز سے متاثرہ بچوں کے اعداد و شمار قومی اسمبلی میں پیش کردیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ میں سب سے زیادہ 3ہزار 900 بچے ایڈز سے متاثر ہیں، پنجاب میں 1ہزار 765، کے پی کے میں 139، بلوچستان میں 46، اسلام آباد میں 30، آزاد کشمیر 4 اور گلگت بلتستان میں ایڈز کا ایک مریض بچہ ہے۔ پیپلز پارٹی کی ایم این اے ڈاکٹر شر میلا فاروقی کے سوال پر وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ ایچ آئی وی کی مزید منتقلی کو روکنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اقدامات کیے ہیں۔ ستمبر 2026 کی جائزہ رپورٹ کے مطابق ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ17ہزار 214 ہے جن میں سے 92 ہزار 148رجسٹرڈ ہیں جبکہ 67 ہزار 878 اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی ( ART) پر ہیں۔