ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز: لاہور پولیس کا جوئے اور آن لائن گیمبلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن، 245 ملزمان گرفتار
10-31-2026
(لاہور نیوز) ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز کے تناظر میں لاہور پولیس نے جوئے کے اڈوں اور آن لائن گیمبلنگ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
پولیس نے ماہِ اکتوبر کے دوران جوئے کے دھندے میں ملوث 245 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لیے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال جوئے کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث 2 ہزار 192 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے داؤ پر لگی 88 لاکھ روپے سے زائد رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جوئے کے اڈوں اور آن لائن گیمبلنگ نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوئے کے اڈوں اور آن لائن بیٹنگ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جوئے کے اڈوں کی سرپرستی اور پشت پناہی کرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا، جبکہ آن لائن جوئے کی تشہیر اور اس کی سہولت کاری میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ معاشرے کو جوئے کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔