ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.35 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ

10-30-2026

(لاہور نیوز) ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.35 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ ایک ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ مہنگی اور 12 سستی ہوئیں۔

ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی بڑھنے کی شرح 11.32 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 34.91 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، آلو 3.27 فیصد، ڈیزل 2.53 فیصد، دال چنا 2.11 فیصد جبکہ سادہ ڈبل روٹی کی قیمت میں 1.29 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران بجلی کے سہ ماہی نرخوں میں 3.92 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مرغی 2.95 فیصد، انڈے 2.81 فیصد، آٹا 0.83 فیصد اور ایل پی جی 0.73 فیصد سستی ہوئی۔ اسی طرح پٹرول کی قیمت میں 0.39 فیصد، چینی 0.35 فیصد اور خشک دودھ کی قیمت میں 0.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمت میں 106.86 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا، بجلی کے سہ ماہی نرخ 52.38 فیصد، ڈیزل 45.13 فیصد، پٹرول 43.61 فیصد، آٹا 34.87 فیصد اور مرغی 31.72 فیصد مہنگی ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر آلو 38.67 فیصد، ٹماٹر 27.99 فیصد اور انڈے 26.70 فیصد سستے ہوئے جبکہ چینی کی قیمت میں 25.21 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر دال مسور 8.37 فیصد اور دال مونگ 6.42 فیصد سستی ہوئی۔