شوہر کیخلاف زیادتی کا جھوٹا مقدمہ، بیوی کی انصاف کیلئے کچہری میں دہائی
10-30-2026
(لاہور نیوز) شوہر کو زیادتی کے جھوٹا مقدمہ میں پھنسایا گیا، بیوی انصاف کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری میں پہنچ گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات سنیں، خاتون نے شوہر کے خلاف درج زیادتی کے مقدمے کو جھوٹا قرار دے دیا۔ خاتون نے مؤقف اپنایا کہ مبینہ وقوعے کے وقت شوہر میرے ساتھ موجود تھا، میرے شوہر کو جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا، انصاف فراہم کیا جائے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے خاتون کو قانونی معاونت اور متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی رہنمائی فراہم کی۔ زمینوں کی خریدوفروخت میں فراڈ اور جائیداد کے دیگر تنازعات بھی کھلی کچہری میں پیش ہوئے ۔ چار کروڑ روپے سے زائد کی زمین کی خریداری میں مبینہ فراڈ، شہری کی دہائی پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی کینٹ اور متعلقہ ایس ایچ اوز کو قانونی کارروائی کا حکم دیا ۔ اس کے علاوہ ویزا دلوانے کے نام پر فراڈ، لین دین کے تنازعات اور لڑائی جھگڑوں کی شکایات بھی سامنے آئیں۔ انصاف کی امید لیے دیگر اضلاع کے شہری بھی کھلی کچہری پہنچے۔ بہاولپور، خانیوال اور قصور سے آئے شہریوں نے اپنی شکایات پیش کیں۔ دیگر اضلاع سے آنے والے سائلین نے کہا کہ آپ سے انصاف کی امید لے کر لاہور آئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کو متعلقہ قانونی فورمز کی رہنمائی اور قانونی معاونت فراہم کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ جھوٹے الزامات اور بے بنیاد مقدمات کی شکایات کی غیرجانبدارانہ جانچ ضروری ہے، فراڈ اور دھوکہ دہی کے ذریعے شہریوں کی جمع پونجی ہتھیانے والوں سے قانون کے مطابق نمٹیں گے۔