سرکاری ہسپتالوں میں فلو ویکسین کی دستیابی ممکن نہ ہو سکی
10-30-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں فلو ویکسین کی فراہمی تاحال ممکن نہ ہو سکی، سرکاری ہسپتالوں میں ویکسین کی عدم دستیابی برقرار ہے۔
مارکیٹ میں اس وقت چائنیز فلو ویکسین 1500 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی فلو ویکسین تاحال مارکیٹ میں نہیں پہنچ سکی، ہزاروں شہری ملٹی نیشنل کمپنیوں کی ویکسین کی آمد کے منتظر ہیں، جس کے باعث شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق فلو ویکسین کی خریداری میں قیمتوں کا مسئلہ درپیش ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کی جانب سے فلو ویکسین کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت نہ ملنے کے باعث خریداری کا معاملہ تعطل کا شکار ہے۔ دوسری جانب ڈی جی ہیلتھ آفس میں بھی فلو ویکسین کی خریداری کا عمل تاحال مکمل نہیں ہو سکا، سرکاری ہسپتالوں میں ویکسین کی عدم دستیابی فلو کے سیزن میں شہریوں کیلئے تشویش کا باعث بن رہی ہے۔ چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب کے مطابق چند روز میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی فلو ویکسین پاکستان پہنچ جائے گی، ملٹی نیشنل کمپنیوں کے تحفظات دور کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو معیاری ویکسین کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ چیف ڈرگ کنٹرولر کے مطابق شوگر کے مریضوں کیلئے اپیڈرا انسولین کی دستیابی بھی ممکن ہو چکی ہے۔