جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت، ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

10-30-2026

(لاہور نیوز) جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے ذریعے 35 ارب روپے کے مبینہ فراڈ کیس میں دو ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی۔

لاہور کی ضلع کچہری میں جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے ذریعے 35 ارب روپے کے مبینہ فراڈ کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں این سی سی آئی اے نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان فہیم اکرم اور نعیم کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چار روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں دوبارہ 3 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کر دیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان اگست 2023 سے لیبلز بینک (Labels Bank) کے نام سے ویب سائٹ چلا رہے تھے اور مبینہ طور پر اس ویب سائٹ کے ذریعے 50 لاکھ سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کئے گئے۔ این سی سی آئی اے حکام کے مطابق مقدمے میں 35 ارب روپے کے مبینہ فراڈ کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے۔