کوئی ملک بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوئے بغیر ترقی نہیں کر سکتا: مریم نواز

10-30-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کوئی ملک بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوئے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔

لاہور میں پنجاب انوویشن فار ویلیو، آپرچیونٹی اینڈ ٹرانسفارمیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، دنیا میں تیزی سے تبدیلی آرہی ہے، آج صنعت سمیت ہر شعبہ تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں پنجاب کا اہم کردار ہے، قومی جی ڈی پی میں پنجاب کا نمایاں حصہ ہے، پنجاب میں فارماسیوٹیکل انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان آبادی پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ بن سکتی ہے، کاروبار کیلئے تاجروں کو ذہنی سکون فراہم کرنا ضروری ہے، کاروبار کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی میں امن و امان بنیادی اہمیت رکھتا ہے، بدامنی اور بے یقینی میں کاروبار ممکن نہیں، جہاں روز احتجاج اور توڑ پھوڑ ہو، وہاں محنت کش کیسے کام کرے گا؟