آن لائن ہنی ٹریپ کے ذریعے شہری کو لوٹنے والے 2 جعلی پولیس اہلکار گرفتار

10-30-2026

(لاہور نیوز) آن لائن ہنی ٹریپ کے ذریعے شہری کو اغوا کرکے رقم ہتھیانے والے جعلی پولیس اہلکاروں کے گروہ کے دو ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گلشن اقبال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا، متاثرہ شہری نے اغوا اور زبردستی رقم منتقل کروانے پر پولیس ایمرجنسی 15 پر کال کی تھی۔ ترجمان کے مطابق ملزمان نے ایک آن لائن ایپ کے ذریعے شہری کو جھانسہ دے کر ملاقات کیلئے بلایا اور خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اسے گاڑی میں بٹھا لیا، ملزمان نے شہری سے 31 ہزار روپے سے زائد رقم زبردستی منتقل کروائی، جبکہ اس کے بھائی سے بھی ایزی پیسہ اکاؤنٹ کے ذریعے رقم منگوائی، واردات کے بعد ملزمان شہری کو ملتان روڈ پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے سیف سٹی کیمروں اور فیس ٹریسنگ کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا، گرفتار ملزمان کی شناخت حذیفہ عبداللہ اور حسن کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ان کا تیسرا ساتھی احمد تاحال مفرور ہے، پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی کرولا گاڑی بھی برآمد کر لی ہے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ گلشن اقبال میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ جعلی پولیس اہلکار بن کر شہریوں کو لوٹنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، شہری آن لائن ایپس کے ذریعے اجنبی افراد کے جھانسے میں آنے سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک صورتحال یا واردات کی صورت میں فوری طور پر پولیس ایمرجنسی 15 پر اطلاع دیں۔