لاہور پولیس کا پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 631بھکاری گرفتار

10-30-2026

(لاہور نیوز) پولیس نے انسدادِ گداگری مہم کے تحت کارروائیاں تیز کرتے ہوئے اکتوبر کے دوران اب تک 631 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال انسدادِ گداگری مہم کے تحت مجموعی طور پر 2 ہزار 297 پیشہ ور گداگر گرفتار کیے جا چکے ہیں، جن میں 2 ہزار 252 مرد اور 45 خواتین شامل ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے گداگری کی آڑ میں خواتین اور بچوں کا استحصال کرنے والے مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین اور بچوں کو بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ گداگری کے منظم نیٹ ورکس اور ان کے سرپرستوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔