سبزیوں کے نرخ بے قابو، ٹماٹر سرکاری نرخ نامے میں بھی مہنگا

10-30-2026

(لاہور نیوز) سرکاری نرخ نامے کے باوجود شہر کے پرچون بازاروں میں سبزیوں کی مہنگے داموں فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ سبز منڈیوں، پوش علاقوں اور گلی محلوں میں سبزیوں کے نرخ الگ الگ وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ سرکاری قیمتوں اور مارکیٹ میں وصول کی جانے والی قیمتوں میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق پیاز کی قیمت 195 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم درجہ اول کا خشک پیاز پرچون بازاروں میں 230 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ ٹماٹر کی سرکاری قیمت میں 10 روپے اضافہ کرکے 140 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، لیکن درجہ اول کے ٹماٹر کی قیمت 180 روپے فی کلو تک وصول کی جا رہی ہے۔ لہسن چائنہ کی سرکاری قیمت 420 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں 480 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ ادرک تھائی لینڈ کی قیمت 375 روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم پرچون بازاروں میں 450 روپے فی کلو تک فروخت جاری ہے۔ لیموں کی سرکاری قیمت 70 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 120 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ سبز مرچ کی سرکاری قیمت 125 روپے کے مقابلے میں 180 روپے فی کلو تک وصول کیے جا رہے ہیں۔ دیسی ٹینڈوں کی سرکاری قیمت میں 10 روپے اضافہ کرکے 170 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں 220 روپے تک فروخت ہو رہے ہیں۔ آلو کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کرکے 50 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، لیکن درجہ اول کا آلو 70 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ شملہ مرچ کی سرکاری قیمت میں 10 روپے اضافہ کرکے 170 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم درجہ اول کی شملہ مرچ 240 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ کھیرے کی سرکاری قیمت 60 روپے مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں 100 روپے فی کلو تک فروخت جاری ہے۔ بند گوبھی کی سرکاری قیمت 130 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ پرچون بازاروں میں 180 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ پھول گوبھی کی سرکاری قیمت 90 روپے کے مقابلے میں 140 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ موٹی پھلیاں 70 روپے کی سرکاری قیمت کے برعکس 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہیں۔ بینگن کی سرکاری قیمت 80 روپے مقرر ہے، تاہم پرچون مارکیٹ میں 120 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ بھنڈی کی سرکاری قیمت 150 روپے کے مقابلے میں 200 روپے فی کلو تک وصول کی جا رہی ہے۔ دیسی گاجر 90 روپے کی سرکاری قیمت کے برعکس 120 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ گھیا کدو اور گھیا توری کی سرکاری قیمت 120 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم دونوں سبزیاں پرچون بازاروں میں 200 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہیں۔ میتھی کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کرکے 110 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ مارکیٹ میں 150 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ مٹر کی سرکاری قیمت 330 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون بازاروں میں 420 روپے فی کلو تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔ سرکاری نرخ نامے اور بازاروں میں وصول کی جانے والی قیمتوں میں واضح فرق کے باعث شہریوں کو سبزیاں خریدنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔