سموگ کی شدت میں کمی، لاہور کا فضائی آلودگی انڈیکس 170 ریکارڈ

10-30-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں جمعرات کے مقابلے میں فضائی آلودگی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ گزشتہ روز کی ریکارڈ آلودگی کی سطح بھی شہر سے گزر گئی ہے۔

فضائی آلودگی کا رخ جنوبی پنجاب کی جانب ہونے سے ملتان اور رحیم یار خان کی فضا سب سے زیادہ آلودہ ہو گئی ہے۔ لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 170 ریکارڈ کیا گیا، تاہم شہر کے بعض علاقوں میں آلودگی کی شرح اب بھی زیادہ ہے۔ برکی روڈ پر فضائی آلودگی کا انڈیکس 230 تک پہنچ گیا، جبکہ کنٹونمنٹ اور علامہ اقبال ٹاؤن میں 180 ریکارڈ کیا گیا۔ ماڈل ٹاؤن میں بھی انڈیکس 180 جبکہ عسکری 10 میں 160 رہا۔ دوسری جانب شہر میں درجہ حرارت بتدریج کم ہونے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ چند روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، جبکہ شہر میں ہلکی رفتار سے ہوا چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔