وزیراعلیٰ پنجاب کا نیورو سائنسز انسٹی ٹیوٹ کیلئے اضافی 5 ارب فوری جاری کرنے کا حکم
10-29-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز (PINS) میں مریضوں کو صحت کی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے باقی ماندہ بجٹ اور اضافی 5 ارب روپے کے فنڈز فوری جاری کرنے کی خصوصی ہدایت کر دی۔
مریم نواز شریف نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کا دورہ کیا، اس دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ادارے کو درپیش مالی مشکلات کی نشاندہی کی جس پر وزیراعلیٰ نے محکمہ خزانہ سے رابطہ کرکے مالی سال 2026-27 کا روکا ہوا بجٹ فوری جاری کروانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سالانہ مختص بجٹ کے علاوہ ادارے کے آپریشنل اخراجات کیلئے اضافی 5 ارب روپے بھی آج ہی جاری کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے محکمہ خزانہ کو مراسلہ لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ تنخواہوں اور غیر تنخواہی اخراجات کی تمام مدات کے تحت روکا گیا بجٹ فوری جاری کیا جائے۔ مراسلے میں استدعا کی گئی ہے کہ PC21102 (102) گرانٹ کے تحت اضافی 5 ارب روپے اہم اخراجاتی مدات میں جاری کیے جائیں، حکومت پنجاب کے مطابق اس اقدام کا مقصد پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں مریضوں کو صحت کی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانا ہے۔