فیکٹری ایریا میں تاوان وصولی کے بعد مغوی شہری رہا

10-29-2026

(لاہور نیوز) فیکٹری ایریا میں مبینہ طور پر پانچ افراد نے ایک شہری کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور 60 ہزار روپے تاوان وصول کرنے کے بعد اسے رہا کر دیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں، ایف آئی آر کے مطابق فیکٹری ایریا کا رہائشی عبداللہ یاسین سنوکر کلب میں بیٹھا تھا کہ افضل چوہان عرف لالی نے اسے موٹرسائیکل پر ملت روڈ چھوڑنے کیلئے کہا، عبداللہ یاسین اسے موٹرسائیکل پر بٹھا کر روانہ ہوا تو ملزم نے مبینہ طور پر اس پر پستول تان لیا اور اسے ایک گھر میں لے گیا۔ مقدمے کے مطابق گھر میں حمزہ علی، علی اور دو نامعلوم افراد بھی موجود تھے، ملزمان نے مبینہ طور پر عبداللہ یاسین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور رقم کا مطالبہ کیا، ایف آئی آر کے مطابق مغوی نے اپنی والدہ کو فون کرکے 60 ہزار روپے منگوائے، جو ملزمان نے وصول کرنے کے بعد اسے رہا کر دیا۔ تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی، پولیس کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے پر مزید حقائق سامنے آئیں گے۔