بینکوں کے نقد لین دین کی رپورٹنگ حد 30 لاکھ روپے مقرر

10-29-2026

(ویب ڈیسک) پاکستان میں بینکوں کیلئے نقد لین دین کی رپورٹنگ کی حد 20 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے مقرر کر دی گئی۔

اب بینک یومیہ 30 لاکھ روپے سے زائد کے نقد لین دین کی تفصیلات فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) کو ارسال کریں گے، اس سے قبل بینکوں کیلئے 20 لاکھ روپے سے زائد کے نقد لین دین کی رپورٹنگ لازمی تھی، تاہم نئی حد کے تعین کے بعد اس میں 10 لاکھ روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے صوبائی اینٹی کرپشن اداروں کو بھی اختیارات دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ تاہم، ان اختیارات کی فراہمی متعلقہ طریقۂ کار اور ضابطہ جاتی تقاضے مکمل ہونے سے مشروط ہو گی۔ حکومت  نے ورچوئل اثاثوں کو بھی انسدادِ منی لانڈرنگ کے قانونی نظام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی کو بھی انسدادِ منی لانڈرنگ قانون کے تحت اختیارات تفویض کر دیئے گئے ہیں۔