زیرو ویسٹ مہم، غفلت پر سمسانی اور ایکسپو سینٹر سائٹس کے سپروائزر معطل

10-29-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب ویژن کے تحت شہر کے تمام زونز اور یونین کونسلز میں زیرو ویسٹ مہم جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی فیلڈ ٹیمیں صفائی آپریشن میں مصروف ہیں، نہروں، نالوں، خالی پلاٹوں، عارضی کولیکشن سائٹس اور عوامی مقامات سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، صفائی میں غفلت اور عملے کی غیر حاضری پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے سمسانی اور ایکسپو سینٹر سائٹس کے سپروائزرز کو معطل کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق مرکزی شاہراہوں پر روڈ واشنگ اور مکینیکل سویپنگ بہتر بنانے کے ساتھ عارضی کولیکشن پوائنٹس کے گرد باؤنڈری وال اور فینسنگ کا کام بھی جاری ہے، تجارتی مراکز میں اینٹی لٹرنگ سکواڈز کی سرگرمیوں سے صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ شہر کے ہر محلے، گلی اور عوامی مقام کو صاف ستھرا بنانا ترجیح ہے اور شہریوں کو آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر فیلڈ مانیٹرنگ مؤثر بنائی گئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر قانونی ڈمپنگ اور کوڑا جلانے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔