وزن کم کرنے والی ادویات استعمال کرنے والے افراد میں غذائی اجزا کی کمی کا خدشہ

10-29-2026

(ویب ڈیسک) وزن کم کرنے اور ذیابیطس پر قابو پانے کیلئے استعمال ہونے والی ادویات کے ممکنہ مضر اثرات سے متعلق اہم خدشات سامنے آئے ہیں۔

محققین کے مطابق جی ایل پی-1 (GLP-1) ادویات کے استعمال کے دوران جسم میں بعض ضروری غذائی اجزا کی کمی کا خطرہ ہو سکتا ہے، جو مجموعی صحت کو متاثر کر سکتا ہے۔ جی ایل پی-1 ادویات بھوک کم کرنے اور پیٹ بھرنے کا احساس بڑھانے میں مدد دیتی ہیں، جس سے خوراک کی مقدار کم ہو سکتی ہے اور وزن میں نمایاں کمی آتی ہے، تاہم، کم خوراک لینے کی صورت میں بعض افراد کیلئے جسم کی غذائی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق وٹامن بی 12 اعصابی نظام کی صحت اور خون کے سرخ خلیات کی تیاری کیلئے ضروری ہے، جبکہ پروٹین پٹھوں کی مضبوطی اور جسمانی بافتوں کی مرمت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، فائبر نظامِ ہاضمہ کو بہتر رکھنے اور قبض سے بچاؤ میں مدد دیتا ہے۔ طبی ماہرین  نے ادویات استعمال کرنے والے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متوازن اور غذائیت سے بھرپور غذا اپنائیں اور کسی بھی غذائی کمی کے خدشے کی صورت میں ڈاکٹر یا مستند غذائی ماہر سے رجوع کریں، ادویات یا غذائی سپلیمنٹس میں تبدیلی طبی مشورے سے ہی کی جائے۔