مریم نواز سے لاہور چیمبر آف کامرس کے نو منتخب صدر کی ملاقات، کاروباری برادری کے مسائل پر تبادلہ خیال

10-29-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر علی حسام نے ملاقات کی، جس میں تاجر برادری کی فلاح و بہبود، صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں خواجہ شاہزیب اکرم اور خواجہ وسیم افضل بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر علی حسام کو مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور پنجاب میں صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کو کاروبار دوست صوبہ بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ای بز متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ صنعتی ترقی کی راہ میں حائل سرخ فیتے کی رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے وزیراعلیٰ کے عوام دوست اقدامات کو سراہا۔ صدر علی حسام نے امن و امان کے قیام کے لیے مریم نواز شریف کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم پنجاب میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ خواجہ شاہزیب اکرم نے بھی وزیراعلیٰ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف دن رات محنت کرکے پنجاب کو ایک مثالی صوبہ بنا رہی ہیں۔