لاہور میں سموگ کی شدت میں اضافہ، ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک بلند

10-29-2026

(لاہور نیوز) شہر میں سموگ کی شدت میں اضافہ ہونے لگا، فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور پاکستان میں تیسرے نمبر پر آگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی اوسط شرح 298 ریکارڈ کی گئی، جبکہ مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح انتہائی بلند سطح پر پہنچ گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق جی سی یونیورسٹی کے اطراف ایئر کوالٹی انڈیکس 971 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سمن آباد میں یہ شرح 668 تک جا پہنچی۔ سید مراتب علی روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 418 اور گلبرگ میں 432 ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار دو کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا کی کم رفتار کے باعث فضائی آلودگی کے پھیلاؤ اور اسموگ کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔