غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس اور پولیس فلیشر لائٹس لگانے پر چالان نہیں، مقدمہ درج ہوگا: سی ٹی او

10-29-2026

(لاہور نیوز) پرائیویٹ گاڑی پر غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس اور پولیس فلیشر لائٹس لگانے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ڈیفنس فیز فائیو میں ڈی ایس پی محمد اشفاق کی نگرانی میں کارروائی کے دوران گاڑی کو روکا گیا تو ڈرائیور غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس اور پولیس فلیشر لائٹس کے استعمال کی وضاحت نہ دے سکا۔ ڈرائیور نے خود کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا بھائی بتاتے ہوئے اثر و رسوخ ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کارروائی کی ہدایت کی، جس کے بعد ڈرائیور کو گاڑی سمیت تھانہ ڈیفنس بی منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھوکہ دینے سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا ہے کہ نجی اور غیر مجاز گاڑیوں پر غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس اور پولیس فلیشر لائٹس لگانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نمبر پلیٹ پر چھپائی کرنے، اس میں ردوبدل یا گاڑی کی شناخت چھپانے پر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ریش ڈرائیونگ، خطرناک زگ زیگ ڈرائیونگ، ڈرفٹنگ اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلڑ بازی اور انتہائی غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر محض چالان کرنے کے بجائے مقدمات درج کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔