شاہی قلعہ میں ٹرائی نیشن سیریز کی ٹیموں کے اعزاز میں پُروقار تقریب
10-28-2026
(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی جانب سے ٹرائی نیشن سیریز میں شریک پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں شاہی قلعہ لاہور میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جہاں غیر ملکی مہمانوں کا شاہانہ استقبال کیا گیا اور ان کی تواضع کی گئی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے عالمگیری دروازے پر تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا استقبال کیا۔ تقریب میں کھلاڑیوں کے علاوہ کوچنگ اور مینجمنٹ اسٹاف نے بھی شرکت کی۔ مہمانوں کو شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، مزارِ اقبال اور حضوری باغ کی سیر کرائی گئی، جہاں انہیں تاریخی مقامات کی اہمیت اور مغلیہ دور کی ثقافت سے آگاہ کیا گیا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز نے لاہور کے تاریخی ورثے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دیوانِ خاص میں مغلیہ دور کے لباس میں ملبوس دربانوں نے مہمانوں کا استقبال کیا، جبکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز نے دیوانِ عام، بارود خانہ اور شیش محل کا بھی دورہ کیا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں نے رنگیلا رکشے کی سواری سے بھی لطف اٹھایا۔تقریب کے دوران ڈھولیچی گروپ کی شاندار پرفارمنس نے سماں باندھ دیا، جسے غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھرپور داد دی۔ اس موقع پر محنس نقوی نے کہا کہ تمام غیر ملکی مہمان پاکستان کے خصوصی مہمان ہیں۔ پاکستان ایک پُرامن اور محفوظ ملک ہے اور پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے خصوصی لگاؤ رکھتی ہے۔ مہمانوں کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں نے پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کو یادگار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے تاریخی مقامات دیکھ کر خوشی ہوئی اور وہ شہر سے خوشگوار یادیں لے کر جائیں گے۔ میچ آفیشلز نے بھی تقریب کو ناقابلِ فراموش تجربہ قرار دیا۔ تقریب میں سری لنکا کے سفارت کاروں، چیف سیکریٹری پنجاب، پی سی بی کے سابق چیئرمین ذکا اشرف اور رمیز راجہ، سابق کرکٹرز، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر، پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔