بچوں کے حقوق کا تحفظ حکومت پنجاب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے, چیئرپرسن چائلڈ بیورو

10-28-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی منظور کردہ چائلڈ پروٹیکشن پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کے لیے چائلڈ پروٹیکشن ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس چیئرپرسن سارہ احمد کی زیر صدارت چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں منعقد ہوا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کے تمام نکات پر عمل درآمد، بچوں کے حقوق کا تحفظ اور مربوط حفاظتی نظام کی تشکیل یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرپرسن سارہ احمد  نے بچوں کے تحفظ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ سرکاری و غیر سرکاری محکموں اور اداروں کے مابین مربوط روابط اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا، اجلاس میں اسپیشل سیکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر نمائندگان  نے بھی شرکت کی۔  چیئرپرسن سارہ احمد  نے کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ، تشدد، استحصال اور غفلت سے بچاؤ اور محفوظ ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، بچوں کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے کردار اور ذمہ داریوں کا واضح تعین مؤثر اور مربوط نظام کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ بچوں کے بہترین مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ان کے تحفظ، نگہداشت اور بحالی کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، اجلاس میں بچوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی این جی اوز کے کردار، خدمات اور طریقۂ کار کی مؤثر نگرانی اور ادارہ جاتی رابطہ کاری کی اہمیت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بچوں کی متبادل نگہداشت فراہم کرنے والے اداروں کے لیے معیارات، رجسٹریشن کے تقاضوں اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے سے متعلق امور زیرِ بحث آئے، اجلاس میں بچوں کے تحفظ سے متعلق شکایات کے مؤثر ازالے، اداروں کی جواب دہی اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے متعلقہ محکموں اور این جی اوز کے مابین تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔