کسان کارڈ سے 10 لاکھ کسان مستفید، دو سال میں 400 ارب روپے فراہم کیے: مریم نواز

10-28-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسان کارڈ کے ذریعے گزشتہ دو سال کے دوران کسانوں کو 400 ارب روپے فراہم کیے جاچکے ہیں، جبکہ 10 لاکھ کسان اس سہولت سے مستفید ہورہے ہیں۔

کسانوں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کسانوں کو سہولتیں فراہم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، کسان کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ کسان حکومت کے ساتھ منسلک ہیں اور اس پروگرام سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد مارکیٹ میں کھاد اور دیگر زرعی اشیا کی بلیک مارکیٹنگ ختم ہو چکی ہے، کسانوں کو درپیش مشکلات کم کرنا اور انہیں سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ مریم نواز  نے بتایا کہ پنجاب میں کسانوں کو 25 ہزار ٹریکٹر فراہم کیے جاچکے ہیں، جو زرعی مقاصد کے لیے استعمال ہورہے ہیں، کرائے پر زرعی مشینری حاصل کرنے کا پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے، جس سے کسانوں کو سہولت مل رہی ہے جبکہ رواں سال ایک ہزار انٹرنز بھرتی کیے گئے ہیں، جنہیں ماہانہ 60 ہزار روپے تنخواہ دی جارہی ہے۔  انہوں نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی میں پوسٹ بجٹ بحث کا آغاز کر دیا گیا ہے، کسانوں کو ان کا حق گھر بیٹھے ملے گا، کسانوں کو دس کروڑ روپے زیرو مارک اپ پر دیے جائیں گے، حکومت کسانوں پر اعتماد کرتی ہے، ان کا وعدہ ہے کہ وہ کسانوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔