ایل ڈی اے کی تین ہاؤسنگ سکیموں پر نیا مالی بوجھ ڈالنے کی تیاری

10-28-2026

(لاہور نیوز) ایل ڈی اے ایونیو ون، جوہر ٹاؤن اور ایل ڈی اے انکلیو کے رہائشیوں پر نیا مالی بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی گئی۔

ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے تینوں ہاؤسنگ سکیموں میں مینٹیننس فیس کے نفاذ کی اصولی منظوری دے دی، مجوزہ نرخوں کے مطابق ایک کنال کے رہائشی گھر پر ماہانہ 3 ہزار روپے، سات اور دس مرلے کے گھر پر 2 ہزار روپے جبکہ تین اور پانچ مرلے کے گھر پر ایک ہزار روپے فیس وصول کی جائے گی۔ کمرشل جائیدادوں کیلئے ایک کنال یا اس سے بڑے پلاٹ پر 6 ہزار روپے، پانچ سے دس مرلے کے پلاٹ پر 3 ہزار اور تین سے پانچ مرلے کے پلاٹ پر 2 ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے، مینٹیننس فیس واسا کے بلوں کے ذریعے وصول کی جائے گی، جس پر واسا ایک فیصد کلیکشن چارجز بھی  لے گا۔ حکام کے مطابق فیس سے خالی پلاٹوں کی صفائی، پارکوں کی دیکھ بھال، سٹریٹ لائٹس کی مرمت، لینڈ سکیپنگ اور جھاڑیوں کی صفائی سمیت دیگر امور انجام دیئے جائیں گے۔ منصوبے کیلئے عملے کی بھرتی اور مشینری کی خریداری 30 نومبر 2026 تک مکمل کرنے، جبکہ یکم جنوری 2027 سے منصوبہ شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔