پنجاب بھر میں فلو ویکسین کی قلت، سرکاری ہسپتالوں میں فراہمی معطل
10-28-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں فلو ویکسین کی عدم دستیابی برقرار ہے، سرکاری ہسپتالوں میں ویکسین کی خریداری میں تاخیر کے باعث شہری نجی مارکیٹ سے مہنگے داموں ویکسین خریدنے پر مجبور ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملٹی نیشنل کمپنیوں کی فلو ویکسین تاحال پاکستان نہیں پہنچ سکی، جبکہ مارکیٹ میں چینی ویکسین 1,500 روپے میں دستیاب ہے، وزارتِ صحت کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی اجازت نہ ملنے کے باعث خریداری کا معاملہ تعطل کا شکار ہے، فلو کے سیزن میں ویکسین کی عدم دستیابی شہریوں کیلئے تشویش کا باعث بن رہی ہے، جبکہ ڈی جی ہیلتھ آفس میں خریداری کا عمل بھی مکمل نہیں ہو سکا۔ چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب کے مطابق ملٹی نیشنل کمپنیوں کی فلو ویکسین آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچ جائے گی، کمپنیوں کے تحفظات دور کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو معیاری ویکسین فراہم کی جا سکے۔