پیکٹا کا نئے نصاب کی درسی کتابیں غلطیوں سے پاک تیار کرنے کا فیصلہ
10-28-2026
(لاہور نیوز) نرسری سے پانچویں جماعت تک نئے سلیبس کی درسی کتب کی تیاریاں جاری ہیں، جبکہ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ اتھارٹی (پیکٹا) نے درسی کتب کی غلطیوں سے پاک کتابت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پہلے ہی پانچویں جماعت تک نئے نصاب کی منظوری دے چکی ہیں اور تعلیمی سال 2027-28 کے لیے نرسری سے پانچویں جماعت تک نیا نصاب پڑھایا جائے گا۔ نئے نصاب کو چھپائی سے قبل غلطیوں کی نشاندہی کے لیے ماہرین تعلیم کو بھجوایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نصاب میں متعدد غلطیاں سامنے آنے پر اسے نظرِ ثانی (ریویو) کے لیے دوبارہ ارسال کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پبلشرز نے پیکٹا سے مطالبہ کیا ہے کہ نصاب جلد از جلد فراہم کیا جائے، کیونکہ پرائیویٹ سکولوں میں نیا تعلیمی سال یکم جنوری سے شروع ہوتا ہے۔ پبلشرز کے مطابق اگر بروقت چھپائی نہ ہوئی تو نیا سلیبس مارچ تک بھی تیار نہیں ہو سکے گا۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ایک سے دو ہفتوں کے دوران ریویو کا عمل مکمل کر لیا جائے گا اور نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل نیا نصاب سو فیصد مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔