بچوں کے ہاتھوں میں سوشل میڈیا کی رسائی کو جرائم کا ذریعہ نہیں بننے دینگے:ڈی آئی جی آپریشنز

10-28-2026

(لاہور نیوز) سوشل میڈیا پر بچوں کو جرائم کے ٹاسک دے کر انہیں چیلنج سمجھنے کے بڑھتے رجحان پر لاہور پولیس کا سخت ایکشن، گڑھی شاہو پولیس نے نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ کم عمر بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے اور انہیں انٹرنیٹ پر وائرل کرنے کے معاملے پر درج کیا گیا۔ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی نشاندہی اور شناخت کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ بچوں کو جرائم کے ٹاسک دے کر اسے چیلنج سمجھنے کا رجحان انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے ہاتھوں میں سوشل میڈیا کی رسائی کو جرائم کا ذریعہ نہیں بننے دیا جائے گا، بچوں کے تحفظ اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔