لاہور کو اربن فلڈنگ سے بچانے کا عالمی پلان، جاپانی وفد کا واسا ہیڈ آفس کا دورہ

10-28-2026

(لاہور نیوز) شہر کو اربن فلڈنگ کے خطرات سے محفوظ بنانے اور نکاسیٔ آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے واسا اور جاپان کے ادارے جائیکا کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

 جائیکا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم کے اعلیٰ سطحی وفد نے واسا لاہور کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں اور تکنیکی معاونت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے جاپانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سٹارم واٹر مینجمنٹ اور اربن فلڈنگ سے نمٹنا بڑے چیلنجز ہیں، جن کے حل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ جاپانی ٹیکنالوجی کی مدد سے نکاسیٔ آب کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ ملاقات کے دوران جاپانی وفد نے زیرِ زمین واٹر ٹینکس کے منصوبے کو سراہا، جبکہ واسا کے ڈسپوزل سٹیشنز اور مشینری کی اپ گریڈیشن کے لیے تعاون بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفد نے واسا کے کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا، جہاں حکام کو اسکادا (SCADA) سسٹم اور رین گیجز سسٹم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ان نظاموں کے ذریعے نکاسیٔ آب کے آپریشنز اور بارشوں کی نگرانی میں مدد ملتی ہے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے جائیکا کی تکنیکی معاونت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون سے شہر میں نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانے اور اربن فلڈنگ کے خطرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔