محفوظ سڑکیں: حادثات کی روک تھام کیلئے ڈرائیورز کے میڈیکل اور نفسیاتی معائنے لازمی قرار دینے کا فیصلہ

10-28-2026

(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ سڑکوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے گاڑیوں کی فٹنس کے ساتھ ڈرائیورز کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ڈرائیورز کی طبی و نفسیاتی صحت کی جانچ کے لیے موبائل میڈیکل کیمپس بھی لگائے جائیں گے۔

اس حوالے سے سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی زیر صدارت ٹرانسپورٹرز کے ساتھ روڈ سیفٹی اور اسموگ کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا، جس میں تنویر احمد جٹ کی قیادت میں بس اونرز، مزدا، منی گڈز، ٹرک ٹرانسپورٹ اور ٹریکٹر ٹرالی ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سیمینار کے دوران سی ٹی او لاہور نے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز سے بات چیت کی اور ان کے مسائل دریافت کیے، جبکہ ڈرائیورز کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے، جہاں مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہریوں، ڈرائیورز اور دیگر افراد کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ حادثات کی روک تھام کے لیے ڈرائیورز کی نظر، کلر بلائنڈنس، طبی فٹنس اور نفسیاتی صحت کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے سروسز ہسپتال اور میاں منشی ہسپتال میں ڈرائیورز کے میڈیکل معائنے کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں مفت طبی معائنے، آنکھوں کے ٹیسٹ اور سائیکالوجیکل پروفائلنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ لاہور آلودہ شہروں میں سرفہرست ہے اور ان کے مطابق اسموگ کی 83 فیصد وجہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں ہے۔ اسموگ پر قابو پانے اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اوور اسپیڈنگ کی روک تھام کے لیے اپنی گاڑیوں میں خود کیمرے نصب کروائیں۔ رات کے وقت حادثات سے بچاؤ کے لیے گاڑیوں کی بیک لائٹس اور ریفلیکٹرز کو فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریت اور مٹی لے جانے والی ٹرالیوں کو ترپال سے ڈھانپے بغیر سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام ٹرانسپورٹرز ڈرائیورز کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے اور صرف لائسنس یافتہ ڈرائیورز سے گاڑیاں چلوانے کے پابند ہوں گے۔ اسی طرح لاہور میں مال بردار گاڑیوں کے داخلے کے مقررہ اوقات اور پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹرانسپورٹرز بھی ڈرائیورز کو اوور اسپیڈنگ اور لین کی خلاف ورزیوں سے روکنے کے پابند ہوں گے، جبکہ محفوظ سفر کے لیے تمام متعلقہ قواعد پر عمل درآمد ضروری ہے۔ سیمینار کے اختتام پر ٹرانسپورٹرز نے روڈ سیفٹی بہتر بنانے، ٹریفک حادثات کی روک تھام اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔