سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات کل، 4 ہزار 634 ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کرینگے
10-28-2026
(لاہور نیوز) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کا میدان کل سجے گا، جس میں پاکستان بھر سے 4 ہزار 634 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
لاہور ووٹرز کی تعداد کے لحاظ سے سرفہرست ہے، جہاں ایک ہزار 498 وکلا بطور ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔ صدر کی نشست پر احسن بھون گروپ کے امیدوار سید امجد علی شاہ اور حامد خان گروپ کے امیدوار سردار امان خان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ سیکرٹری کی نشست پر محمد عارف نواز اور میاں عرفان اکرم آمنے سامنے ہوں گے، جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری کے عہدے کے لیے قاضی شہریار اقبال اور سائرہ خالد میدان میں ہیں۔ فنانس سیکرٹری کی نشست پر محمد تنویر چوہدری اور رائے اظہر اقبال کھرل کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ نائب صدور کی نشستوں پر بھی مختلف امیدوار مدمقابل ہیں۔ پنجاب کی نشست پر چوہدری ارشد حسین اور محمد یاسین بھٹی، خیبر پختونخوا سے حضرت سعید اور معین الدین ہمایوں، بلوچستان سے عبد المالک بلوچ اور محمد ابراہیم، جبکہ سندھ سے عبد الوہاب بلوچ اور جام آصف کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ لاہور کے ووٹرز کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے بار روم میں پولنگ سٹیشن قائم کیا جائے گا۔