لاہور ہائیکورٹ نے ایس ایچ او کی 200 روپے جرمانے کی سزا معطل کر دی
10-28-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر ایس ایچ او کوٹ لکھپت افضل رؤف کو سنائی گئی 200 روپے جرمانے کی سزا آئندہ سماعت تک معطل کر دی۔
جسٹس صادق محمود خرم اور جسٹس جواد ظفر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے افضل رؤف کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور کر لی۔ انسدادِ منشیات عدالت نے مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر ایس ایچ او افضل رؤف کو 200 روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ سماعت کے دوران افضل رؤف کی جانب سے وکیل فرخ الیاس چیمہ ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔ وکیل کی جانب سے جرمانے کی رقم بطورِ احتجاج جمع کرانے کی یقین دہانی پر دفتری اعتراض ختم کر دیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے اپیل پر ٹرائل کورٹ کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کرنے کا حکم بھی دیا۔ عدالت نے افضل رؤف کو 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے اور ان کی سزا آئندہ سماعت تک معطل رکھنے کا حکم دے دیا۔