گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، 414 افراد گرفتار، بھاری جرمانے

10-27-2026

(ویب ڈیسک) محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے پنجاب بھر میں گراں فروشی کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 4 لاکھ 51 ہزار سے زائد انسپکشنز کیں، جبکہ قیمتوں کی خلاف ورزیوں پر مختلف اشیائے ضروریہ کے دکانداروں کو مجموعی طور پر 1 کروڑ 29 لاکھ 55 ہزار 400 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اس دوران اوور چارجنگ کے 20 ہزار 243 واقعات رپورٹ ہوئے جن پر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ سیکرٹری فوڈ سیفٹی کے مطابق مقررہ نرخ نامے آویزاں نہ کرنے پر1 ہزار 949 دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ گراں فروشی اور دیگر خلاف ورزیوں پر 414 افراد گرفتار اور 113 مقدمات درج کئے گئے۔ روٹی کی مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے 72 ہزار 173 مقامات کی چیکنگ کی گئی، جہاں زائد قیمت وصول کرنے کے 4 ہزار 591 واقعات سامنے آئے، مہنگی روٹی فروخت کرنے والوں کو 6 لاکھ 88 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں پیرا فورس نے پنجاب کی مختلف مارکیٹوں میں 93 ہزار 258 انسپکشنز کیں، جن کے دوران 63 لاکھ 21 ہزار 600 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ گراںفروشی اور دیگر قانونی خلاف ورزیوں پر 8 کاروباری مقامات بھی سیل کر دیئے گئے۔