شالیمار، جی ٹی روڈ پر فائرنگ سے شہری زخمی، مرکزی ملزم گرفتار

10-27-2026

(لاہور نیوز) لاہور کے علاقے شالیمار جی ٹی روڈ پر لڑائی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شہری شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان عظیم، حسیب اور اعظم نے مبینہ طور پر طیش میں آ کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں شہزاد جٹ نامی شہری زخمی ہو گیا، فائرنگ کے دوران شہزاد جٹ کی ٹانگ پر دو جبکہ کان کے قریب ایک گولی لگی، زخمی شہری کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف اقدامِ قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، واقعے میں نامزد مرکزی ملزم عظیم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ فرار ملزمان حسیب اور اعظم کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس پی سول لائنز کے مطابق فائرنگ میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا، واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔