گلوکار دانیال ظفر کا شوبز سرگرمیوں سے عارضی وقفے کا اعلان

10-27-2026

(ویب ڈیسک) گلوکار اور اداکار دانیال ظفر نے مسلسل مصروفیات اور سفر کے باعث صحت متاثر ہونے پر کچھ عرصے کیلئے شوبز سرگرمیوں سے دور رہنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی سٹوری میں دانیال ظفر نے لکھا کہ انہیں محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ اپنی ہمت اور برداشت کی آخری حد تک پہنچ چکے ہیں، ان کےمطابق گزشتہ دو برس مسلسل سفر میں گزرے اورصورتِحال یہ رہی کہ کسی ایک جگہ چند دن سے زیادہ ٹھہرنا بھی مشکل ہوگیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ موسیقی کے ساتھ اداکاری کی ذمہ داریاں نبھانا آسان نہیں، مسلسل کام کرنے کے معمول نے ان کی صحت کو متاثر کیا، انہیں فی الحال صحت کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا گیا، جس کے بعد انہوں نے تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ دانیال ظفر حال ہی میں ڈرامہ سیریلز ’رقص‘ اور ’زنجیریں‘ میں مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیئے تھے، وہ اپنے نئے سٹوڈیو البم ’اسٹورمز اینڈ سیرینٹی‘ کی تشہیر میں بھی مصروف تھے۔