پاکستان، سری لنکا میچ : لاہور ٹریفک پولیس نے جامع ٹریفک پلان مرتب کر لیا

10-27-2026

(لاہور نیوز) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین ٹرائی سیریز کے پانچویں میچ کے موقع پر شائقین کرکٹ کی سہولت، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے جامع ٹریفک پلان تشکیل دے دیا۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ٹریفک انتظامات کے لیے 2 ایس ایس پیز، 7 ڈی ایس پیز اور 90 انسپکٹرز سمیت ایک ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں۔ ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے 10 فورک لفٹرز اور 7 بریک ڈاؤنز بھی تعینات ہوں گے۔ سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ شائقین کرکٹ کی سہولت اور اسٹیڈیم تک آسان رسائی کے لیے 4 پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں۔ مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔ میچ کے دوران کسی بھی سڑک کو مستقل طور پر بند نہیں کیا جائے گا، تاہم ٹیموں کی آمدورفت کے دوران چند لمحوں کے لیے ٹریفک روکی جائے گی اور ٹیموں کی موومنٹ گزرتے ہی تمام ڈائیورشنز ٹریفک کے لیے کھول دی جائیں گی۔ پارکنگ کے لیے متبادل مقامات سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور فیروزپور روڈ سے آنے والے شائقین فیروزپور روڈ کے راستے گورنمنٹ کالج فار بوائز میں گاڑیاں پارک کرسکیں گے۔ ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاؤن اور کاہنہ کی جانب سے آنے والے شہری کلمہ چوک اور سینٹر پوائنٹ کے راستے گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کرسکیں گے۔ اسی طرح کینٹ اور ڈیفنس کی جانب سے آنے والے شائقین سی بی ڈی، سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی مارکیٹ میں پارکنگ کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ شہریوں کے لیے ہدایات سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹیموں کی آمدورفت کے دوران قذافی اسٹیڈیم کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پارکنگ یا اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے ٹریفک اہلکاروں سے رہنمائی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لیے راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے معلومات فراہم کی جائیں گی۔ شہری مزید رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم 88.6 سنتے رہیں تاکہ میچ کے دوران سفر کو محفوظ اور آسان بنایا جاسکے۔