ویٹ لفٹنگ، نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: پاکستان پولیس کے کھلاڑیوں نے 13 میڈلز جیت لیے

10-27-2026

(لاہور نیوز) پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ کے کھلاڑیوں نے ایشین اینڈ ورلڈ ماسٹرز گرینڈ پرکس ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2026 اور 54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 13 میڈلز جیت لیے۔

پاکستان پولیس کے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں 11 جبکہ نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 2 میڈلز حاصل کیے۔ کامیاب کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 8 گولڈ، 2 سلور اور 3 برانز میڈلز اپنے نام کیے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چیمپئن شپ میں آرمی، واپڈا، پاکستان نیوی، ایئر فورس اور پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پاکستان پولیس کے کھلاڑیوں کو شاندار کارکردگی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کرکے محکمے کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد اور چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے بھی میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں پاکستان پولیس کے مجید، محمد رضوان، زبیر اور ارم خانم نے دو، دو گولڈ میڈلز جیتے، جبکہ ویٹ لفٹر ندیم نے دو سلور اور بلال نے ایک برانز میڈل حاصل کیا۔ ایتھلیٹکس مقابلوں میں محمد احمد نے میراتھن جبکہ مبشر نے 3 ہزار میٹر ریس میں برانز میڈل جیت کر پاکستان پولیس کے میڈلز کی تعداد میں اضافہ کیا۔