لاہور میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم

10-27-2026

(لاہور نیوز) کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور بلال صدیق کمیانہ نے چوری، نقب زنی اور جیب تراشی سمیت دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں شہر میں جرائم کی روک تھام اور لاہور پولیس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انہوں نے ہدایت کی کہ ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ڈویژنل ایس پیز کی کارروائیوں کی مؤثر نگرانی کریں، جبکہ ڈویژنل ایس پیز جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے خود چھاپوں کی قیادت کریں۔ بلال صدیق کمیانہ نے بی کیٹیگری کے اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنانے اور چوری، نقب زنی سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث مطلوب اشتہاری ملزمان کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منظم جوئے کے نیٹ ورکس اور جواریوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائیاں کرنے پر زور دیا۔ سی سی پی او لاہور نے چوری کی وارداتوں کے ہاٹ اسپاٹس پر ڈیکائے آپریشنز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جائے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید، ایس ایس پی آپریشنز عبداللہ احمد اور ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔